ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / مصر:نماز کیلئے وضو کا کہنے پر بدبخت بیٹے نے ماں کو قتل کردیا

مصر:نماز کیلئے وضو کا کہنے پر بدبخت بیٹے نے ماں کو قتل کردیا

Sat, 28 Jan 2017 21:20:32    S.O. News Service

قاہرہ28جنوری(ایس  او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مصرمیں ایک بد بخت نوجوان نے نماز فجر کے لیے وضو بنانے اور مسجد میں نماز ادا کرنے کا کہنے پر اپنی ماں کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔بیٹے کے ہاتھوں ماں کے قتل کا یہ ہولناک واقعہ حل ہی میں سویز کے علاقے میں قائم السلام کالونی میں پیش آیا جب ایک خاتون نے اپنے 32سالہ بیٹے کو نماز فجر کے لیے وضو کرنے اور نماز کی تیاری کرنے کا کہا تو اس نے طیش میں آکر ماں پر تشدد کیا اور اس کے گلے میں پھندا ڈال کراسے قتل کر کے خود فرار ہوگیا۔ پولیس نے ماں کے قاتل شقی القلب شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں السلام کالونی سے ایک خاتون کے قتل کی اطلاع ملی تھی جس پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقتولہ کی لاش قبضے لے کراس کی تحقیقات شروع کیں۔مقتولہ کی دو بیٹیوں نے بتایا کہ ماں کو ان کے بھائی نے قتل کیا۔ دونوں بہنوں نے بتایا کہ ان کی والدہ نے بھائی سے نماز فجر کے لیے وضو کرنے کا کہا جس پر وہ سخت برہم ہوا۔ تاہم وہ وضو کر کے مسجد چلا گیا تھا۔ واپسی پر دونوں ماں بیٹے میں پھر تکرار شروع ہوگئی۔ ماں کے قتل میں ملوث ملزم جس کی شناخت محمد شرف الدین عبدالامام کے نام سے کی گئی ہے نے ماں کے گلے میں ریشمی چادر کا پھندا ڈالا اور اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 32سالہ بدبخت بیٹے نے ماں کو لاتوں اور گھونسوں سے تشدد کا بھی نشانہ بنایا اوراس کے فوت ہونے تک تشدد کرتا رہا ہے۔حکام کے مطابق ماں کا قاتل ایک ہفتہ پیشتر ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگیا تھا، اس حادثے کے بعد وہ گھر میں ماں اور بہنوں کے ساتھ معمولی معمولی باتوں پر جھگڑنے لگا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔


Share: